قائداعظم ٹرافی سدرن پنجاب نے سندھ کو اننگز اور 129 رنز سے ہرادیا

190
ایبٹ آباد : قائداعظم ٹرافی کے چوتھے مرحلے کے آخری روز سدرن پنجاب کے عامریامین اوربلاول بھٹی فتح کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے
ایبٹ آباد : قائداعظم ٹرافی کے چوتھے مرحلے کے آخری روز سدرن پنجاب کے عامریامین اوربلاول بھٹی فتح کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں سدرن پنجاب نے عامر یامین کی آلراؤنڈر کارکردگی کی بدولت سندھ کو ایک اننگز اور 129 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے والی سندھ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس سے قبل عمیر بن یوسف اور فوادعالم نے سندھ کی جانب سے 58 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے آخری روزکھیل کا دوبارہ آغاز کیا توآلراؤنڈربلاول بھٹی اور عامر یامین کی عمدہ بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم کے بلے باز بے بس دیکھائی دیے۔ 133 رنز پر ڈھیر ہونے والی سندھ کی ٹیم کے 3 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے۔ سندھ کی جانب عمیر بن یوسف نے سب سے زیادہ 37 رنز اسکور کیے۔ سدرن پنجاب کی جانب سے بلاول بھٹی اور عامر یامین نے دوسری اننگز میں بالترتیب 4 اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔سدرن پنجاب کے راحت علی، عامر یامین اور بلاول بھٹی نے مجموعی طور پر میچ میں 5،5 کھلاڑیو ں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل سدرن پنجاب نے عامریامین اور کپتان شان مسعود کی سنچریوں کی بدولت 546 رنز بنائے تھے۔ جواب میں سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز بنا کر فالوآن کا شکار ہوگئی تھی۔ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا ہے۔319 ر نزکے ہدف کے تعاقب میں سینٹر ل پنجاب کی ٹیم کھیل کے اختتام پر 1 وکٹ کے نقصان پر 129 رنز ہی بناسکی۔ میچ کے چوتھے روز خیبرپختونخوا کی جانب سے اوپنر اسرار اللہ اور خوشدل شاہ نے30 رنز ز1 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کپتان محمد رضوان نے 35 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ سینٹرل پنجاب کوجیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دیا گیا۔جواب میں سینٹرل پنجاب کے کپتان اظہر علی 32 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد سلمان بٹ اور محمد سعد نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سلمان بٹ 63 اور محمد سعد 40 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے کہ امپائرز نے کھیل کے لیے مقررہ وقت ختم کرنے کا اعلان کردیا۔اس سے قبل مہمان ٹیم کی خواہش پر خیبرپختونخوا نیپہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اشفاق احمد اور محمد رضوان کی سنچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 484 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی تھی۔ جواب میں سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے سنچری اسکور کی تھی۔دوسری جانب کے آرایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا ناردرن اور بلوچستان کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 299 رنز کے تعاقب میں بلوچستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ اوپنر عمران بٹ نے 179 گیندوں پر 59 رنز سے میچ ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کے آخری روز ناردرن کے اوپنرز ذیشان ملک اور حیدر علی نے 75 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کپتان عمر امین نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بناکر اننگز ڈکلئیر کردی۔ بلوچستان کی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 299 رنز کا ہدف دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کے اوپنر عمران بٹ نے 59رنز اسکور کیے۔179 گیندوں کا سامنا کرنے والے اوپنر کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے 233 منٹ کریز پر بیٹنگ کی۔عمران بٹ کے بعد بلوچستان کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا تاہم اختتامی لمحات میں تجربہ کار یاسر شاہ نے 26 گیندوں پر 14 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو شکست سے بچالیا۔ناردرن کے نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 450 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔جواب میں بلوچستان کی ٹیم301 رنز بنا سکی تھی۔