سابق کرکٹر سلوروڈ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

125

لندن(جسارت نیوز)انگلینڈ نے سابق کوچ ٹریور بیلس کی جگہ کرس سلور وڈ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔44سالہ سلور وڈ انگلینڈ کو ورلڈ چمپئن بنوانے والے سابق کوچ ٹریور بیلس کے دور میں فاسٹ بولنگ کوچ کی حیثیت سے ذمے داریاں انجام دے رہے تھے۔ اس عہدے کے لیے سابق کپتان ایلک اسٹیورٹ اور بھارت کو ورلڈ چمپئن بنوانے والے گیری کرسٹن کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا اور اس سلسلے میں کرسٹن کا انٹرویو بھی کیا گیا تھا تاہم گزشتہ ہفتے اسٹیورٹ اس عہدے کی دوڑ سے دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد سلوروڈ کا نام مضبوط امیدوار کے طور پر ابھر سامنے آیا تھا۔سلوروڈ موجودہ نظام کے بارے میں اپنی معلومات اور عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلش کرکٹ بورڈ کے سلیکشن پینل کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے۔انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم کے ڈائریکٹر کرکٹ ایشلے جائلز نے کہا کہ سلوروڈ سب سے بہترین امیدوار تھے، میرا موقف ہے کہ ہمیں اپنی انٹرنیشنل ٹیم کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے اور ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتانوں سے ان کی ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ موجودہ اسٹرکچر اور نظام کے بارے میں معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا انتخاب کیا گیا۔