ناصر بٹ کی متفرق درخواست نمبر لگا کر سماعت کیلیے مقرر کی جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ

141

اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک وڈیو اسکینڈل کیس میں ناصر بٹ کی ویڈیو فرانزک رپورٹ پیش کرنے کی متفرق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیے ہیں۔منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل2 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست پر اعتراضات ختم کر دیے ۔ عدالت نے رجسٹرار ہائی کورٹ کو حکم دیا کہ ناصر بٹ کی متفرق درخواست نمبر لگا کر سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ناصر بٹ کے متاثرہ فریق ہونے کا فیصلہ جوڈیشل سائیڈ پر کیا جائے گا۔ناصر بٹ کے وکیل نصیر بھٹہ نے درخواست میں متاثرہ فریق ہونے کے دلائل دیے تھے۔ناصر بٹ نے عدالت کے سامنے پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا کررکھی ہے۔ناصر بٹ نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وڈیو کی فرانزک رپورٹ اور فرانزک ایکسپرٹس کا بیان بھی قلم بند کیا جائے۔