کرتار پورراہداری کھولنا کشمیر یوں کے زخموں پرنمک پاشی ہے،حسین محنتی

474

کراچی /ٹنڈوجام (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقریروں سے نہیں جہاد سے حل ہو گا، ٹرمپ اور مودی نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ کرتار پور راہداری کھولنا کشمیریوں کے زخموں پرنمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی ٹنڈوجام کے تحت کشمیر مارچ کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ہر شعبے میں ناکام ہو گئے ہیں کشمیر کے مسئلے پر اچھی تقریر یا واہ واہ کرنے سے کام نہیں چلے گا، نہ کشمیریوں پر بھارت ظلم وستم بند کرے گا۔اب تقریروں سے بڑھ کر کام کرنا ہو گا اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ یا سلامتی کونسل کے ذریعے نہیں جہاد کے ذریعے حل ہو گا۔ امریکا پاکستان کا نہیں بھارت کا دوست ہے اس کی ثالثی کی پالیسی منافقت کی پالیسی کے سوا کچھ نہیں۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا؟ امریکا سے ڈر کی وجہ سے جو اپنی قوم کی بیٹی پر آواز نہیں اٹھا سکتا وہ کشمیر ی مائوں بیٹیوں کے آزادی کے لیے کیا آواز اٹھائے گا۔ حکمران امریکا سے آکر کشمیر پر قوم کو اعتماد میں لینے کے بجائے کرتار پور راہداری کھولنے کی تقریب منعقد کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں جو کشمیری مسلمانوں کے زخموں پرنمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا اب یہ جنگ عوام کو لڑنی ہے اور حکمرانوں کو بتانا ہوگا کہ کشمیر پر سودا بازی منظورنہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13اکتوبر ضلع حیدرآباد کے عوام حیدرآباد میں کشمیر مارچ میں شرکت کرکے ثابت کردیں گے کہ انہیں کشمیر بنے گا پاکستان کے سوا کوئی بات اور کوئی حل منظور نہیں ۔اس موقع پر امیر ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید، صوبائی اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا، امیرجماعت اسلامی ٹنڈوجام حافظ غیور احمد، حماد علی بہادر اورطارق سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔