کراچی‘ ائر لفٹ اور سویول کے نام سے آن لائن بس سروسز کا آغاز

703

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) کراچی میں آن لائن ٹیکسی کے بعد ائر لفٹ اور سویول کے نام سے آن لائن بس سروسز کا بھی آغاز کردیا گیا ہے‘ آن لائن بس سروسز کے ذریعے شہری آسانی کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں ائر کنڈیشن کو سٹر اور ہائی ایکس میں رعایتی کرائے پر سفر کرسکیں گے‘ شہری اپنے موبائل میں موجود گوگل پلے اسٹور سے ائر لفٹ اور سویول کی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں آن لائن ٹیکسی اوبر، کریم کے بعد نئی کمپنی ائر لفٹ اور سویول نے ماس ٹرانسپورٹ میں اپنی خدمات کا آغاز کردیا ہے جس کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ائر لفٹ اور سویول نے لاہور کے بعد کراچی میں بھی اپنی ٹرانسپورٹ سروسز متعارف کردی ہیں اور سیٹ کی بکنگ موبائل ایپ کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔ موبائل ایپ میں تمام روٹس اور راستوں اور علاقوں سے متعلق معلومات فراہم کردی ہیں‘ ایپ میں مسافر آسانی کے ساتھ روٹس کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔ سویول کمپنی کے جنرل منیجر اور ہیڈ آف آپر یشن پاکستان شاہ زیب میمن نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سویول ایپ مسافروں کے لیے ایک محفوظ اور قابل اعتماد سواری ہے جس کو آسانی سا تھ بک کراسکتے ہیں اور صرف20 روپے میں وسیع نشستوں والی ائر کنڈیشن کو چز میں آرام اور محفوظ طریقے سے سفر کرسکتے ہیں‘ سویول گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر کے آپ اپنے منتخب کردہ پک اپ پوائنٹ سے کوچز پر سوار ہوسکتے ہیں‘ مسافر اپنی پسند کے وقت میں ہمارے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر کی سویول کمپنی نے ابتدائی طور پر لاہور میں اپنی ٹرانسپورٹ کا آغاز کیا تھا اب ہم نے کراچی میں بھی اپنی سروس متعارف کردی ہے‘ سویول کمپنی مصر اور کینیا میں کام کر رہی ہے۔ ائر لفٹ کے ایگزیکٹو ڈائر یکٹر سید مہر حیدر نے جسارت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ائر لفٹ بس سروس کا آغاز ہم نے گزشتہ مہینے کیا ہے‘ ائر لفٹ کے نیٹ ورک میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ہماری ٹارگٹ مارکیٹ متوسط طبقہ ہے‘ ہمیںان مسافروں کو معیاری سروس فراہم کرنا ہے‘ کراچی میں بسوں کی صورت حال انتہائی خراب ہے‘ ہماری ٹرانسپورٹ سروس میں ہائی ایکس اور کوچز ہے اور یہ تمام نئیاور ائرکنڈیشن ہیں‘ ائر لفٹ کے نام سے ایپ کا مقصد کراچی کے شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ کے مسائل میں کمی لانا ہیں‘ ہماری کوچز اور ہائی ایکس کو مسافر آسانی کے ساتھ موبائل ایپ کے زریعے ٹریک کر سکتے ہیں‘ ائر لفٹ ایپ کے ذریعے مسافر اپنی بس، اس کا نمبر اور روٹس دیکھ سکتے ہیں‘ بس کے روانہ ہو نے سے قبل ایک میسج کے ذریعے مسافر کو اطلاع فراہم کی جا تی ہے کہ کہ بس کب روانہ ہو رہی ہے اور کتنے دیر میں وہ آپ کے متعلقہ بس اسٹاپ پر پہنچ جائے گی‘ پوری تفصیل مسافروں کو آسانی سے اپنے مو بائل پر مل سکتی ہے۔ اس حوالے سے کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ سے زاید ہے اور 70 فیصد لوگ سفر کے لیے پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سروس کا استعمال کرتے ہیں‘ شہر میں ابتدائی طور پر سفر کی سہولیات فراہم کرنے والی پرائیویٹ کمپنیوں کی آن لائن ٹیکسیوں کو کافی پذیرائی ملی لیکن بعد ازاں معیار میں کمی اور کرائے میں اضافے کے سبب عوام اب انہیں پسند نہیں کرتے ہیں۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ سابق کمپنیوں کی جانب سے معیار میں کمی کی گئی جو کہ نئی کمپنی کے لیے جگہ بنانے کی وجہ بنی ہے۔