ایک کروڑ نوکریاں‘ 50لاکھ گھر‘ قادیانی سرگرمیوں پر سوال تو اٹھے گا‘ لیاقت بلوچ

166

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے دینی مدارس کے طلبہ کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی ہی جذباتی تقاریر اور توہین آمیز لب و لہجے کے گرداب میں الجھ گئے ہیں ۔ ایک کروڑ نوکریاں ، 50 لاکھ مکانات ، ریاست میںمدینے کی طرز پر نظام اور قادیانیوں کی بڑھتی سرگرمیوں پر عوام سوال تو کریں گے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اور واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام 65 دن کے بدترین لاک ڈائون کرفیو کے مقابلے میں نریندر مودی کے شر کے سامنے جھکنے کے لیے تیار نہیں ۔ پاکستانی حکومت نے تقاریر ، بیانات ، سوشل میڈیا کے ذریعے کافی وقت گزار لیاہے لیکن اب پاکستان کے پاس وقت گزرنے کے ساتھ آپشن کم ہوتے جارہے ہیں ۔ عمران خان سنجیدگی کا راستہ پکڑیں اور قومی کشمیر پالیسی ، قومی قیادت کو متحد کرنے ، سفارتی محاذ پر سرگرمی کے لیے دوٹوک حکمت عملی کے لیے فوری اقدامات کریں ۔ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس ہو ، جس میں امور کشمیر کے ماہرین کی مشاورت سے متفقہ قومی لائحہ عمل بنایا جائے ۔ مقبوضہ کشمیر کی جلاوطن اور آزاد کشمیر کی قیادت کو مکمل طور پر آن بورڈ لیا جائے۔ لیاقت بلو چ نے کہاکہ وفاقی حکومت مفلوج ، پنجاب ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتیں سیاسی و انتظامی پولیو زدہ ہیں ۔ سندھ کے عوام صوبائی حکومت کی وفاق اور ریاست سے کشمکش کی وجہ سے لاوارث ہیں ۔ عملاً مہنگائی ، بے روزگاری ، عدم تحفظ بڑھتا جارہاہے ۔