آزادی مارچ کے اعلان نے حکمرانوں کی نیندیں اڑادیں، مولانا عبد المالک

192

ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت )جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالمالک تالپور نے کہا ہے کہ آزادی مارچ نے حکمرانوں کی نیندیں اڑا دیں ہیں اسلام آباد کے تاریخی دھرنے کے بعد ملک میں تبدیلی آئے گی اور عوام کو ووٹ چوروں اور آئی ایم ایف کے غلامو ں سے چھٹکارا ملے گا۔ یہ بات انہوں نے ٹنڈوجام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں شرکت کرنا ہر محب وطن پر فرض ہو گیا ہے تاکہ ملک کو یہودیوں اور آئی ایم ایف کے ایجنٹوں سے نجات دلا کر ملک میں حقیقی جمہوریت کو بحال کیا جائے ۔آزادی مارچ کے اعلان نے حکمرانوں کی نیندیں اُڑا دیں ہیں حکمرانوں کے لیے یہ آخری موقع ہے کہ وہ 27 اکتوبر سے پہلے استعفا دے کر گھر چلے جائیں ۔