قومی و سرکاری زبان سے متعلق کیس،وفاق سے تحریری جواب طلب

137

اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اردو کو قومی اور سرکاری زبان قرار دینے سے متعلق کیس پر سماعت2ہفتے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے وفاق سے تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجا خالد محمودکو روسٹرم پر بلا کر استفسار کیا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ موجود ہے اس پر وفاق کا کیا کہنا ہے ۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جو عدالت حکم صادر فرمائے وفاق نے عمل کرنا ہے ۔عدالت نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے آئین کے آرٹیکل 251 کے تحت اردو کو قومی اور سرکاری زبان قرار دینے کا حکم دیا ہے ۔عدالت نے حکم دیا کہ وفاق 2 ہفتے کے اندر تحریری جواب عدالت میں داخل کرا دے۔ درخواست گزار تحفظ زندگی فائونڈیشن کی جانب سے اکرم چودھری عدالت میں پیش ہوئے ۔دائر درخواست میں کیبنٹ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے ۔عدالت نے کیس پر سماعت 2 ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔