سکھرصفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے

278

سکھر( نمائندہ جسارت)شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، گندے پانی میں کھڑے ہو کر انوکھا احتجاج، متعلقہ محکموں کے خلاف نعرے بازی، صفائی کا نظام پبلک ہیلتھ سے واپس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ڈرینج سسٹم کے باعث رہائشی و تجارتی مراکز میں کھڑے گندے پانی کے خلاف سکھر کے شہریوں کی بڑی تعداد نے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام چھنچھر اسٹریٹ میں گندے پانی میں کھڑے ہو کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا اور متعلقہ محکموں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ، سعید بندھانی، نثار احمد، شازیم خان، تیمور شیخ اور وکی شیخ و دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ و دیگر کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سکھر انتظامیہ یا سکھر کے منتخب نمائندگان سکھر شہر کے ساتھ مخلص نہیں ہیں، سکھر انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی بنا پر سکھر شہر کا صفائی ستھرائی کا نظام پبلک ہیلتھ کو دیا گیا مگر پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے سکھر انتظامیہ سے متعلقہ کاموں کا چارچ لے تو لیا مگر ابتک شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر نہیں کر سکی ہے شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز کے بعد اب رہائشی علاقوں، چھنچھر اسٹریٹ، جناح چوک، فرئیر روڈ، تھلہ، گھنٹہ گھر، پان منڈی، نشتر روڈاورکپڑا مارکیٹ سمیت دیگر علاقوں میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں اور نالیاں اور گٹر ابلنے کی وجہ سے گندا پانی سڑکوں پر تالابوں کی شکل اختیار کر رہا ہے لیکن پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسران اور عملے کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی، شہری صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے عذاب کی زندگی بسر کر رہے ہیں شہر کو کوئی کونا ایسا نہیں جہاں گندگی کے پہاڑ اور ڈرینج کا گندا پانی کھڑا نہ ہو۔ مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے بالا افسران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لے کر صفائی ستھرائی کا نظام پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سے لے کر سکھر انتظامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنا یا جا سکے بصورت دیگر اگر شہر میں صفائی ستھرائی کی یہی صورتحال برقرار رہی تو متعلقہ محکموں اور سکھر کے منتخب نمائندگان کے خلاف دما دم مست قلندر ہوگا اور اس کی تمام تر ذمے داری متعلقہ محکموں کے افسران پر عائد ہوگی۔