بدین ،بارش کے جمع پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، مچھرو مکھیوں کی افزائش،عوام پریشان

130

بدین (نمائندہ جسارت) بدین شہرسمیت مختلف علاقے محلہ صدیق کمبہار کینٹ روڈ،حیدرٹائون،سومرا محلہ،بھٹائی آباد اورغریب آباد کے دیگر علاقوں میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد زہریلے مچھروں اور مکھیوں کی یلغار کے باعث بڑے پیمانے پر ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈائریا اور جگر کے امراض پھیل گئے ہیں اور نجی وسرکاری اسپتال ان امراض سے متاثرہ مریضوں سے بھرگئے ہیں، بارشوں اور سیوریج کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث مچھروں کی افزائش میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے، ان مچھروں کے کاٹنے سے بارش متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی بڑی تعداد مختلف مہلک امراض کا شکار ہوگئی ہے جبکہ مکھیوں کی افزائش میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے، مکھیوں اور مچھروں کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت، میونسپل کمیٹی، متعلقہ صوبائی اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے اسپرے نہیں کرایا جارہا، مچھروں کی بہتات کے باعث بدین شہر کے متعدد علاقے، محلہ صدیق کمبہار، کینٹ روڈ، حیدر ٹائون، سومرا محلہ، عظیم ٹائون سمیت دیگر شہروں کے عوام سرشام ہی بستروں میں دبک جاتے ہیں۔ ضلع بدین کی سیاسی اور سماجی تنظیموں نے بارشوں کے بعد بڑے پیمانے پر مچھروں اور مکھیوں کی افزائش کے باوجود فیومیگیشن اسپرے نہ کرانے کیخلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ تنظیموں کے رہنمائوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بدین کے شہریوں اسحاق قاضی ،اشفاق بلیدی ،ہدایت اللہ بلیدی ،کارو نوتیار،دوست علی پھنور،فیضان فرید، احمد مجتبیٰ ہالیپوٹہ اورنعمان طارق آرائیںو دیگر نے کہا کہ اسپرے نہ کرانے کے باعث زیریں سندھ میں روزانہ سیکڑوں افراد ڈائریا، گیسٹرو، ٹائیفائیڈ، ملیریا اور جگر کے امراض کا شکار ہورہے ہیں اور زیریں سندھ کے سرکاری ونجی اسپتال ان امراض سے متاثرہ افراد سے بھرے ہوئے ہیں مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ رہنمائوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ بدین شہر سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر مچھر اور مکھی مار اسپرے کرایا جائے تاکہ عوام مہلک امراض سے بچ سکیں۔