میرپورخاص،مضافات میں شراب کی کھلے عام فروخت جاری

121

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص اور اس کے دیگر مضافات میں دیسی شراب (کولہی وہسکی ) کی بڑے پیمانے پر تیاری اور خرید و فروخت جاری ہے ، دیسی شراب پی کے سڑکوں پر چنگ چی رکشا اور موٹر سائیکلیں چلانے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ، دیسی شراب کا زیادہ تر استعمال غیر مسلم غریب طبقہ کرتا ہے ، عوامی حلقوں نے دیسی شراب تیار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ان دنوں میرپورخاص اور اس کے دیگر مضافات کی سڑکوں پر دیسی شراب پی کے چنگ چی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے، دیسی شراب کی تیاری دیہی علاقوں میں زیادہ تر غیر مسلم غریب طبقہ کرتا ہے جو اپنے گھروں میں آسانی کے ساتھ دیسی شراب تیار کر کے فروخت کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس وقت میرپورخاص کے تعلقہ کوٹ غلام محمد ،ڈگری، جھڈو، حسین بخش مری اور سندھڑی کے دیہی علاقوں کے سیکڑوں گوٹھوں میں دیسی شراب کی تیاری جا ری ہے دیسی شراب کی تیاری میں زیادہ خرچا بھی نہیں آتا ہے اور یہ مقامی طور پر گھروں میں بھی تیار کر لی جاتی ہے جہاں سے شراب کے عادی افراد 50سے 70 روپے میں سنگل تھیلی لے کر استعمال کرتے ہیں۔ اس حوالے سے پولیس کی جانب سے دیسی شراب کی بھٹیوں کے خلاف کارروائی کے باوجود بڑے پیمانے پر دیسی شراب کی خرید و فروخت کا دھندا جا ری ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ دیہی علاقوں کے غیر مسلم آبادی والے گوٹھوں میں یہ بھٹیاں قائم ہیں اور اکثر غریب مزدور لوگ دن بھر کھیتی باڑی اور محنت مزدوری کر نے کے بعد رات کو شراب نوشی کرتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مین اور لنک سڑکوں پر رکشا اور چنگ چی بعض موٹر سائیکلیں چلانے والے بھی شراب کے نشے میں ہو تے ہیں جس کی وجہ سے روڈ پر حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی سندھڑی روڈ پر چنگ چی اور ایک کار میں تصادم ہو گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا لیکن چنگ چی چلانے والے اور اس پر سوار افراد کثرت شراب نوشی کی وجہ سے مدہوش تھے اور کار کے سامنے آگئے۔ عوامی حلقوں میں مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دیسی شراب کی تیاری اور خریدو فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔