عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے والے غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں

123

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب وصدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے اور پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ کرنے والے غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ لنگر خانے کھول کر اصل مسائل سے جان چھڑانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لوگوں کو لنگر خانے نہیں بلکہ روزگار کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اور قصور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ’’ عوام میں صبر نہیں، 13ماہ بعد ہی پوچھتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان اور ریاست مدینہ‘‘۔ تو میں کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام ستر برسوں سے صبر ہی کرتے چلے آرہے ہیں۔ اقتدار میں آنے والے ہر شخص نے عوامی جذبات کو بری طرح مجروح اور توقعات کاخون کیا ہے۔ 100دنوں میں ملک کی تقدیر بدلنے اور عوامی مشکلات کو ختم کرنے کی باتیں آپ اور آپ کے وزراء نے کی تھیں۔ عوام کو سب یاد ہیں۔ یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ تاریخ کے نااہل ترین حکمران ملک وقوم پر مسلط ہوچکے ہیں۔ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کے بجائے اپوزیشن کو سائیڈ لائن لگایا جارہا ہے۔ نیب سمیت احتساب کے تمام اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل کی دولت سے مالامال بنایا ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ ناقص حکومتی پالیسیوں اورماضی کے حکمرانوں کی غلط فیصلہ سازی کے باعث ملک مسائلستان بن چکا ہے۔ موجودہ حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاتبدیلی اس وقت تک نہیں آسکتی جب تک حکمران اپنا قبلہ امریکا اور چین کو بنانے کے بجائے کعبۃ اللہ کو نہیں بنالیتے۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں انگریزوں کا نظام رائج ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک سے سودی معاشی نظام کا خاتمہ کیا جائے۔ اس وقت تمام منافع بخش ادارے خطرناک حد تک خسارے میں جاچکے ہیں۔ ان اداروں سے نااہل لوگوں کو فی الفور فارغ کیا جائے اورمیرٹ پر اہل افراد کو آگے لایا جانا چاہیے۔ سیاسی بھرتیوں نے اداروں کو ناقبل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔