یمن میں بم پھٹنے سے 4 بچے جاں بحق، 2 زخمی

298

صنعا (انٹرنیشںل ڈیسک) یمن کے مغربی صوبے حدیدہ میں حوثی ملیشیا کا نصب کیا ہوا بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ مرنے والے چاروں بچے بہن بھائی تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ حدیدہ کے ضلع حیس میں وادی نخلہ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب بچے اپنے گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔ مقامی ذرائع نے خدشے کا اظہار کیا کہ علاقے میں اس طرح کے مزید دھماکے ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل موسلا دھار بارش کے سبب حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کا انکشاف ہوا تھا۔ یمن کی مشترکہ فورسز کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ الجراحی ضلع کے جنوب میں بالخصوص البغیل، بیت الزین، المساجد، القداسی اور العکدہ کے دیہات میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بھاری تعداد میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں اور نصب کیے گئے دھماکا خیز مواد کا پتا چلا ہے۔ دوسری جانب یمن کے علاقے حدیدہ میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے سربراہ اور بھارت کے سابق جنرل ریٹائرڈ ابھیجیت گوہا نے سعودی دارالحکومت ریاض میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل جبیر سے ملاقات کی۔ دونوں رہ نمائوں نے یمن کے محاذ جنگ سے متعلق تازہ ترین پیشرفت، بالخصوص حدیدہ میں قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں یمنی عوام کے لیے سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کا بھی جائزہ لیا گیا۔