پابندیوں کے باوجود مزاحمت جاری رہے گی‘ ایرانی وزیر

113

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزیر تیل بیژن نامدار زنگنہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر ملکی پابندیوں نے ایران کی تیل کی صنعت کو متاثر کیا ہے تاہم تہران حکومت ان پابندیوں کے باوجود مخالف طاقتوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کے روز بیان جاری کرتے ہوئے ایرانی وزیر تیل نے کہا کہ ایران کے لیے اب حالات ایسے ہیں کہ ہر چند سال بعد تیل کی صنعت کو اقتصادی پابندیوں اور کسی نہ کسی بڑے دھچکے کا سامنا رہتا ہے، تاہم زنگنہ نے کہا کہ ان شدید منفی اثرات کے باوجود ایران پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گا۔ دوسری جانب سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تیل کی عالمی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ سعودی عرب کی وزارتی کونسل کا منگل کے روز شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سعودی ارامکو کی تیل تنصیبات پر 14 ستمبر کو حملوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی رسد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے سعودی ارامکو کی بقیق اور الخریص میں واقع تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزیراطلاعات نے کہا کہ وہ اس حملے کو پورے خطے، عالمی سلامتی اورعالمی توانائی کی رسد کے لیے ایک خطرہ سمجھتے ہیں۔