قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

441

ہم کسی شخص کو اس کی مقدرت سے زیادہ کی تکلیف نہیں دیتے اور ہمارے پاس ایک کتاب ہے جو (ہر ایک کا حال) ٹھیک ٹھیک بتا دینے والی ہے، اور لوگوں پر ظلم بہرحال نہیں کیا جائے گا۔ مگر یہ لوگ اس معاملے سے بے خبر ہیں اور ان کے اعمال بھی اس طریقے سے (جس کا اوپر ذکر کیا گیا ہے) مختلف ہیں وہ اپنے یہ کرتوت کیے چلے جائیں گے۔ یہاں تک کہ جب ہم ان کے عیاشوں کو عذاب میں پکڑ لیں گے تو پھر وہ ڈکرانا شروع کر دیں گے۔ اب بند کرو اپنی فریاد و فغاں، ہماری طرف سے اب کوئی مدد تمہیں نہیں ملنی۔ میری آیات سنائی جاتی تھیں تو تم (رسول کی آواز سْنتے ہی) الٹے پاؤں بھاگ نکلتے تھے۔ (سورۃ المؤمنون:62تا66)
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہمارا رب تبارک و تعالیٰ ہر رات کے آخری پہر میں آسمان دنیا پر نازل ہوتا ہے اور فرماتا ہے: کون ہے جو مجھ سے دعا مانگے تاکہ میں اس کی دعا قبول کروں؟ کون ہے جو مجھ سے دعا مانگے تاکہ میں اسے دے دوں؟ کون ہے جو مجھ سے گناہ معاف کروائے تاکہ میں اس کے گناہ معاف کر دوں؟‘‘(متفق علیہ،موطا)
سیدہ عائشہؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات سے پہلے سنا، وہ ان کی طرف متوجہ تھیں اور آپؐ ان سے ٹیک لگائے فرما رہے تھے: ’’اے اللہ! مجھ پر (اپنی رحمت کا) پردہ ڈال اور رحم فرما اور مجھے الرفیق الاعلیٰ کے ساتھ ملا دے‘‘۔ (موطا، مسلم)