فائرنگ و دیگر حادثات میں 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی

200

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورٹریفک حادثات کے دوران 4افراد جاں بحق اور تیر رفتار بس الٹنے سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹائون کے علاقے کھوئی گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ،پو لیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30سالہ وزیر ولد چن گل کے نام سے کی گئی ،مقتول کے اہل خانہ نے بتایا کہ وزیر مقامی ہوٹل پر کام کرتا تھا ، وقوعہ کے وقت وہ گھر واپس آرہا تھا ، اس کی جیب سے نقدی و موبائل فون بھی غائب ہے ، پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا ہے ،مقتول وزیر کا آبائی تعلق خیر پور سے تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔منگھوپیر کے علاقے ایس پی آفس کے قریب نامعلوم گاڑی کی زد میںآکر ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے ایمبولنس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر وہ دوران علاج دم توڑ گیا ، پولیس نے بتایا ہے کہ متوفی کی شناخت 26 سالہ اخلاق ولد خالد کے نام سے ہوئی ہے ، متوفی آفریدی کالونی منگھوپیر کا رہائشی تھا ، بلدیہ ٹائون کے علاقے مواچھ گوٹھ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 27 سالہ شاہ حسین ولد فضل خان بحق ہوگیا، منگھوپیر کے علاقے ناردرن بائی پاس افغان موڑ کے قریب تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابوہو کر الٹ گئی ، ریسکیو ادارے کی ایمبولینسز کے ذریعے 6 زخمیوں طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال پہنچایا گیا ، جہاں پر زخمیوں کی شناخت 45 سالہ اسلم 40 سالہ رفیق 42 سالہ اقبال 40 سالہ محمد احمد 25 سالہ ادیب اور 27 سالہ حسن کے ناموں سے ہوئی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔