نبی کریمؐ نے ہمیشہ صفائی ستھرائی کی تاکید فرمائی،الیاس عطار قادری

233

کراچی(اسٹاف رپورٹر) علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ صفائی ستھرائی شریعت کو مطلوب اور سنت بھی ہے ،پیارے آقا ؐ نفاست پسند تھے اورآپؐ نے ہمیشہ صفائی ستھرائی کی تاکید فرمائی ہے، صفائی آدھا ایمان ہے ،اسلام صاف ستھرا دین ہے ،اللہ پاک نے اسلام کی بنیاد صفائی پر رکھی ہے ،صفائی کی بہت اہمیت ہے اپنا تن بدن اور لباس صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے گلی محلے کو بھی صاف رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں صفائی ستھرائی کے موضوع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ آج کل لباس اور گھر صاف رکھنے والے مل جائیں گے مگر اپنی گلی کی صفائی رکھنے والوں کی تعداد کم ہے ،بعض لوگ اپنا کچرا کسی کے دروازے پر رکھ دیتے ہیں ،ایک رکھتا ہے ،پھر دوسرا رکھتا ہے اس طرح کچرا جمع ہوجاتا ہے ،اس طرح کی غیر قانونی کچراکنڈیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔امیر اہل سنت نے کہا کہ قانونی طور پر بنائی گئی کچرا کنڈیاں بعض اوقات دور ہوتی ہیں اور لوگ سستی کی وجہ سے کچرا ادھر ادھر رکھ دیتے ہیں ،ایسا نہ کریں بلکہ اپنی گلی ،محلے کو صاف ستھرا رکھیں اور انتظامیہ کو بھی چاہیے کہ وہ بروقت کچرا کنڈیوں سے کچرا اٹھائے کیونکہ کچرا جب بھر جاتا ہے تو باہر آجاتا ہے اور بدبو،جراثیم اور طرح طرح کی بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن جاتا ہے۔