بعض این جی اوز مغرب کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہیں،معراج الہدیٰ

143

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ میڈیکل کالج کے سابق طالب علم اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ این جی اوز مغرب کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہیں، پاکستان میں 10سے 20فیصد این جی اوز ایسی ہی ہیں، جو ملک کے مفاد میں عوام کی خدمت کر رہی ہیں، ہم میں سے ہر ایک کو اپنی جگہ پر معاشرے کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج کے معین آڈیٹوریم میں اسلامی جمعیت طلبہ اسٹڈی ایڈ پروجیکٹ کے تحت حیا اور اسلامی معاشرہ کے عنوان سے منعقد ہونے والے سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار سے کالج کی وائس پرنسپل ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شمائلہ خالد، دانش ور شاہنواز فاروقی، ڈاکٹر ذکیہ اورنگزیب اور طالب علم طہٰ احمد نے بھی خطاب کیا جب کہ اس موقع پر سول اسپتال گائناکولوجی وارڈ کی سربراہ پروفیسر نصرت شاہ، پروفیسر سارہ قاضی اور پروفیسر عذرا جمیل سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ اقدار سے عاری اشیا کو صرف ہم نے ہی نہیں بلکہ انسانیت کی اکثریت نے مسترد کردیا ہے، ڈاؤ ہماری مادرِ علمی ہے، یہ ایک ماں کی طرح ہماری دیکھ بھال کرتی اور ضرورت کا خیا ل کرتی رہی ہے، گزشتہ دنوں جو ناخوش گوار واقعہ ہوا، اس پر جو اقدامات کیے گئے، وہ اس جانب اشارہ ہے کہ یہ مادرِ علمی بچوں کا خیال رکھتی ہے اور لا علمی میں کوئی نامناسب بات ہو جائے تو فوری اقدم کر کے اس کا ازالہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔