پاکستان میں خواتین کی بڑی تعداد چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہے،ماہرین

137

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر اعجاز فاطمہ کینسر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے چھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز، نرسز، طلبہ ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اعجاز فاطمہ کینسر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی روح رواں اور تقریب کی مہمان خصوصی ڈاکٹر اعجاز فاطمہ کی جانب سے چھاتی کے سرطان کے لیے آگاہی واک بھی کی گئی۔ مقررین نے خواتین میں چھاتی کے سرطان کے حوالے سے معلومات دیتے ہوئے یہ انکشاف کیا کہ بدقسمتی سے پاکستان ایشیا کا ایک ایسا ملک ہے جہاں خواتین کی ایک بڑی تعداد اس موذی مرض کا شکار ہے اور سالانہ 40,000 خواتین اس مرض کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، 75 برس کی عمر سے پہلے چھاتی کے کینسر کا خطرہ 11.8 فی صد ہے، ہر سال ہم قریباً101,000افراد کینسر کی وجہ سے کھو رہے ہیں،40-49 سال کی عمر میں چھاتی کے کینسر کا خطرہ 1.52فی صد،50-59 سال کی عمر کے درمیان خطرہ بڑھ کر 2.48 فی صد ہوجاتا ہے ۔جبکہ75-79 برس تک کی عمر تک پہنچتے پہنچتے یہ خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔آغا خان یونیورسٹی اسپتال سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر لبنیٰ وہرہ نے بتایا کہ چھاتی کا کینسر ایک ایسا مرض ہے جس نے ایشیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، کراچی شہر میں قریباً خواتین کا ایک تہائی حصہ چھاتی کے سرطان سے متاثر ہے ۔