وزیراعظم نے مارچ رکوانے کیلیے رہنماؤں کو ذمے داریاں سونپ دیں

122

لاہور (آن لائن) وفاقی حکومت نے 27 اکتوبر کو جے یو آئی کا آزادی مارچ رکوانے کیلیے بیک ڈور ڈپلومیسی کا آغاز کردیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنمائوں کو ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومتی شخصیات کی جانب سے بیک ڈور ڈپلومیسی کے تحت اب تک کیے گئے رابطوں میں وفاقی حکومت کو کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ جس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے آزادی مارچ رکوانے کے لیے آپشن نمبر 2 پر غور شروع کردیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کی قیادت میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔ جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ 27 اکتوبر کے آزادی مارچ کو کس طریقے سے روکا جاسکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبائی وزیر قانون کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں جمعیت علمائے اسلام(ف) اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے متحرک کارکنوں کی فہرستوں کی تیاری کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔ جنہیں 27 اکتوبر سے قبل گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔