سندھ اسمبلی ‘ کے فور منصوبے کے حق میں قرارداد متفقہ طورپر منظور

120

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں فراہمی آب کے منصوبے کے فور کی تکمیل کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ منگل کو قرارداد پی ٹی آئی کے عدیل احمد نے پیش کی۔اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ کے فور منصوبے کو بند نہیں کیا جا رہا‘ پینے کا پانی شہریوں کی ضرورت ہے ‘سندھ حکومت اس منصوبے پر اب بھی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناکردہ گناہ پیپلز پارٹی کے گلے ڈال دیے جاتے ہیں‘جب کے فور منصوبے کا ڈیزائن بنا اس وقت واٹر بورڈ کا چیئرمین کون تھا؟ ڈالر 110روپے سے 160 روپے کا ہوگیا‘ ڈالر کی قدر بڑھنے سے کے فور کی لاگت بڑھ گئی ہے۔ناصرشاہ نے کہا کہ ہم قرارداد کی مخالفت نہیں کریں گے ۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے عدیل احمد نے قرارداد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ 12 سال کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی کراچی کو فراہمی آب کا منصوبہ نہیں مل سکا یہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے ۔ اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ واٹر بورڈ کے ادارے میں بہت خرابیاں آچکی ہیں‘ اس ادارے میں خرابیاں دور کرنے کے لیے ایمرجنسی لگائی جائے‘ حکومت شہر کو کربلا نہ بنائے‘ کے فور منصوبے کو بچایا جائے یہ انسانی مسئلہ ہے تاکہ اس شہر کو پانی مل سکے۔ بحث میں پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، جمال صدیقی اورایم کیو ایم کے جاوید حنیف نے بھی اظہار خیال کیا اور سندھ حکومت کو اس منصوبے کی تاخیر کا ذمے دار قرار دیکر اس پر تنقید کی۔ بعدازاں ایوان نے کے فور منصوبے کی تکمیل کے حق میں قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی ۔