چار ماہ میں ملزمان کی فائرنگ سے17شہری ہلاک ہوئے‘ رپورٹ

94

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 4 ماہ کے دوران 181 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی ہیں۔کراچی پولیس کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کے181 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی ہیں‘ اس دوران مزاحمت کرنے پر 17 شہریوں کو قتل جبکہ 96 افراد کو زخمی کردیا گیا۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی 40 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں کے ساتھ سرفہرست رہا۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ سائوتھ 36 وارداتوں کے ساتھ دوسرے اور ضلع شرقی35 وارداتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ملیر میں گھروں میں ڈکیتی کی 33، کورنگی میں18، ضلع غربی میں 15 اور سٹی ڈسٹرکٹ میں سب سے کم 4 گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں۔ ضلع کورنگی میں ڈکیتی کی وارداتیں اگرچہ سب سے کم رہیں مگر مزاحمت کرنے پر سب سے زیادہ 23 افراد کو گولیاں مار کر زخمیکیا گیا۔ ضلع غربی میں 22، ملیر میں21، ضلع وسطی میں12، ضلع شرقی میں10، ضلع سائوتھ میں5 اور سٹی ڈسٹرکٹ میں سب سے کم 3 افراد ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ضلع غربی اور ملیر میں6،6، ضلع شرقی میں 2، ضلع وسطی، سٹی اور سائوتھ میں ایک ایک شہری ڈاکوئوں کے ہاتھوں قتل ہوا جبکہ رپورٹ کے مطابق ضلع کورنگی میں مزاحمت پر قتل کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔