بلڈنگ پلان کی منظوری کیلیے سنگل ونڈو فیسلٹی سروس کا آغاز

128

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں بلڈنگ پلان کی منظوری کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ آٹومٹیڈ سنگل ونڈو فیسلٹی سروس کا آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں مینول پبلک کائونٹر کی بندش کرتے ہوئے سنگل ونڈو فیسلٹی؍سہولت کائونٹر نے21 ستمبر سے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے ظفر احسن کی زیر صدارت کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔ عوام اس سہولت سے استعفادہ کرتے ہوئے399 مربع گز تک رہائشی، 120 گز تک کمرشل اور 1100گز تک کے ویئر ہائوسز پلاٹس پر تعمیراتی پلان کی منظوری باآسانی حاصل کرسکیں گے۔ ظفر احسن نے کہا کہ سنگل ونڈو فیسلٹی؍سہولت میں اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر کی مدد سے رہائشی و کمرشل تعمیراتی پلان کی درخواستوں کے مطلوبہ معیار اور کاغذات کی بنیاد پر منظوری کا ترتیب وار عمل 15دن میں مکمل کیا جائے گا‘ اس ضمن میں تمام ٹائونز اپنے پورٹل پر بلڈنگ پلانز درخواستوں پر فوری سروے اور دفتری کارروائی کو مکمل کریں تاکہ 15یوم کی مدت میں منظوری کو یقینی بنایا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ تمام لائسنس یافتہ پروفیشنلز آرکیٹکٹ؍ انجینئر؍ بلڈنگ ڈیزائنرز جنہوں نے اب تک اپنی رجسٹریشن نہیں کروائی ہے وہ ایس بی سی اے کی ویب سائٹ www.sbca.gos.pk کے ذریعے خود کو رجسٹرڈ کروالیں بغیر رجسٹریشن کوئی بھی پروفیشنلز بلڈنگ پلان جمع کرانے کا اہل نہیں ہوگا جبکہ اس سلسلے میں عوام اور بلڈرز اینڈ ڈویلپرز بلڈنگ پلان کی درخواستوں کو جمع کرانے کا طریقہ کار بھی مذکورہ ویب سائٹ سے باآسانی سمجھ سکتے ہیں۔ مزید براں تمام سوسائٹیز کو بھی مطلع کیا گیا ہے کہ وہ اپنا پورٹل بنوالیں جس کے بغیر سوسائٹیز کے نقشے پاس نہیں ہوسکیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس میں موجود تمام ڈائریکٹرز کو سنگل ونڈو فیسلٹی کے اسٹنڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر کے حوالے سے اپنی ذمے داری اور فرائض کو بروقت ادا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوام تک بہتر سہولتوں کی فراہمی میں کسی بھی رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے سمیت تمام سینئر ڈائریکٹرز اور ٹائونز ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔