پاکستان کے بنیادی مفادات سے متعلق معاملات پرحمایت جاری رکھیں گے،چینی صدر

143

بیجنگ: چینی صدر شی جنگ پنگ کا کہنا ہے کہ چین نے ہمیشہ قومی مفادات پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان چینی مفادات پر اس کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔

وزیر اعظم عمران خان اور چینی صدر شی جنگ پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چینی صدر نے وزیراعظم عمران خان اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ وزیرخارجہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیرریلوے، مشیر تجارت اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

دونوں رہنماوں نے خوشگوار ماحول میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کی۔دونوں رہنماں نے باہمی تعلقات مزید مضبوط اور اور وسیع تر کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے، دو ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کے مسلسل لاک ڈاؤن نے انسانیت سوز صورتحال پیدا کر رکھی ہے، خطے میں امن کے لیے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری ہٹایا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا آئرن برادر، ثابت قدم اتحادی اور شراکت دار ہے، چین نے ہمیشہ قومی مفادات پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان چینی مفادات پراس کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا، چین پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کررہا ہے، چینی صدر کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پاکستان اور خطے کی اقتصادی صورتحال میں تبدیلی اور خوشحالی لائے گا، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ  نے کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے بے مثال، اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔عالمی و علاقائی صورتحال میں خواہ کیسی بھی تبدیلیاں آئیں، چین اور پاکستان کی دوستی ہمیشہ سے چٹانوں کی طرح مضبوط اور اٹوٹ ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین نےہمیشہ سے اپنی سفارت کاری میں پاکستان کوترجیح دیتا ہے اور پاکستان کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق معاملات پر پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔شی جن پنگ نےکہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں چین کی بے لوث مدد کی تھی۔اب چین نے ترقی کی ہے اور چین اپنے مخلص دوست پاکستان کی مزید تیز اور بہتر ترقی کے لیے مدد فراہم کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کو سی پیک کی تعمیر کو اعلی معیار کے ساتھ آگے بڑھاتے ہوئے سی پیک کو دی بیلٹ اینڈ روڈ کا مثالی منصوبہ بنانا چاہیئے۔

چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔فریقین کو اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالطرفہ نظام میں رابطے اور تعاون کو مضبوط بناتے ہوئے علاقائی امن و امان کا تحفظ کرنا چاہیئے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ چین کشمیر کی صورتحال پر توجہ دیتا ہے اور متعلقہ امور واضح ہیں۔چین پاکستان کی جانب سے اپنے قانونی حقوق و مفادات کے تحفظ کی کوشش کی حمایت کرتا ہے اور امید ہے کہ متعلقہ فریقین پرامن بات چیت سے تنازعات کو حل کریں گے۔