سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

83

لاہور: نو آموز سری لنکن ٹیم نےپاکستان کوتیسرے اورآخری ٹی ٹوئنٹی  میچ میں شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے جیت کیلئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورزمیں 134 رنز بناہی سکی۔

قبل ازیں سری لنکن ٹیم کے کپتان شناکانے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کے ابتدائی بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 58 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد فرنینڈو اور شناکا نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتےہوئےاسکورکو134 تک پہنچایااس موقع پر کپتان شناکا 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اوشاڈا فرنینڈو کے شاندار 78 رنز کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3، وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پربولڈ ہوگئے۔ جس کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ پر 76 رنز جوڑے لیکن وہ مطلوبہ رن ریٹ کے حساب سے اسکور میں اضافہ نہ کر سکے،اس موقع پر بابراعظم 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد حارث سہیل اور کپتان سرفراز  بھی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور بالترتیب 52 اور 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

عماد وسیم تین اور آصف علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 17 اور وہاب ریاض 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ونندو ڈی سلوا نے تین 3 اور لہیرو کمارا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ٹیم کو پہلی مرتبہ  ٹی20 فارمیٹ میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔