عمر اکمل اور احمد شہزاد کو موقع دینے کا فیصلہ غلط ثابت ہوگیا

351

لاہور: قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے کے نئے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا عمر اکمل اور احمد شہزاد کو موقع دینے کا فیصلہ غلط ثابت ہو گیا۔

دونوں کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل ہونے میں کامیاب تو ہو گئے تاہم سری لنکا کے خلاف دونوں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں دونوں کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔

عمر اکمل نے بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آتے ہی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا عالمی رکارڈ برابر کردیا۔ پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں تین سال کے طویل عرصے کے بعد میدان میں اترے اور پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔

دوسرے میچ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد عمر اکمل پر لمبی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری آگئی تاہم وہ ایک مرتبہ پھر پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔

دوسری طرف احمد شہزاد بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکے اور پہلے میچ میں نو گیندوں پر چار اور دوسرے میچ میں 13 رنز ہی بنا سکے۔

خیال رہے کہ سری لنکا کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی نمبر ایک ٹیم کی ذلت آمیز شکست پر شائقین کرکٹ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر کا منصب سنبھالنے والے مصباح الحق کے کچھ فیصلوں پر بھی کڑی تنقید کی جارہی ہے جن میں احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانا شامل ہے۔

آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر کی ٹیم کے ہاتھوں گھر پر سیریز ہارنے کے بعد ہیڈ کوچ کے بیان نے شائقین کو مزید سیخ پا کر دیا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ کمزور ٹیم سے ہارنا اچھی بات نہیں، ہمیں کم سے کم چھ میچ ونر تیار کرنے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گیند بازی میں بہت خامیاں ہیں جن کو دور کرنے کے لیے وقار یونس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

عمر اکمل اور احمد شہزاد کو کھلانے کے سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک اور پی ایس ایل نے پرفارمنس دی تھی۔