کے الیکٹرک کو کیبل کی تاریں کاٹنے سے روکا جائے بصورت دیگر شہر بھر کی کیبل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہوجائے گی، محمد حسین

537

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کیبل ویلفئیر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد حسین نے صدر پاکستان،چیف جسٹس اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی سے اپیل کی ہے کہ کے الیکٹرک کو کیبل نیٹ ورک کی تاریں کاٹنے سے روکا جائے بصورت دیگر شہر بھر کی کیبل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہوجائے گی، جو دوبارہ بحال نہیں کی جاسکے گی،

وہ منگل کو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر عرفان کھڈا نی،دلشاد انصاری،جاوید حسین ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کبھی ہمارے تاروں کو اسطرح نہیں کا ٹا گیا ہمیں ایسا لگتا ہے کہ کے،الیکٹرک کو باقاعدہ یہ ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ ٹی وی کیبل آپریٹرز اور انٹرنیٹ آپریٹرز کے کاروبار کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،

تاکہ کچھ ملٹی نیشنل کمپنیاں جو غیر قانونی طریقے سے انڈر گراؤنڈ تاریں ڈال کر بیٹھے ہیں ان کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کے،الیکٹرک کی ان کارروائیوں کے خلاف کراچی کیبل ویلفئیر ایسوسی ایشن نے عہد کرلیا ہے کہ اب کے،الیکٹرک کے اس گھنا ؤنے عمل کو کسی طور پر کامیاب نہیں دے گے،

انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام بہ خوبی جانتی ہے کہ کے،الیکٹرک نے بھر پور کرپشن کر کے کاپر تار اتار کر بیچ کھائے اور ان کے بدلے المونیئم کے تار لگادئیے گئے جو روزانہ کی بنیاد پر اور لوڈ ہونے کی بناء پر اکثر و بیشتر گر جاتے ہیں،

جس کی وجہ سے کے الیکٹرک کے پولز پر کرنٹ پھیل جاتا ہے کیونکہ ان کے پو ل پر ارتھ Arth کا تار بھی نہیں بندھا ہوتا اس بار حالیہ بارشوں میں کے،الیکٹرک کی غفلت کی وجہ سے کئی شہادتیں ہوئیں تھیں،

جس کا ہمیں دلی افسوس ہے اور ہم تمام مرحومین کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں جس پر عوام کے ردعمل کی صورت میں کے،الیکٹرک کے خلاف کئی کیس کورٹ میں دائر کئے گئے ہیں،

اس وجہ سے کے،الیکٹرک اپنا سارا ملبہ کیبل آپریٹرز پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر کے اپنے آپ کو بچانا چاہتی ہے تاکہ عوام کی جانب سے دائر کیے گئے کیسز سے بری از زمہ ہوسکے۔