ایل ڈی اے فراڈ کیس میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنیکا حکم

132

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے ایل ڈی اے سٹی فراڈ کیس میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت نے ایک اورسماعت کے دوران آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزہ توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فرد جرم عاید کرنے کے حوالے سے دونوں فریق سے حتمی دلائل طلب کر لیے جبکہ ایس ایس پی سید جنید ارشد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزہ توسیع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ایل ڈی اے سٹی فراڈ میں ملوث ملزم سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ ریفرنس کب تک دائر ہو جائے گا؟ نیب حکام نے بتایا کہ اعلیٰ افسران سے منظوری کے بعد فوری طور پر دائر کر دیں گے۔ عدالت نے نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 اکتوبر تک توسیع کردی۔ علاوہ ازیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایس ایس پی سید جنید ارشد نے نیب عدالت میں ان کی سابق اہلیہ کی جایداد کی چھان بین کرنے کے حوالے سے درخواست جمع کروا دی۔ جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میری بیوی عائشہ سبحانی کے نام پر یہ ساری جایداد تھی۔ مجھے خواہ مخواہ نیب نے ملوث کر دیا۔ میری سابقہ بیوی اثر و رسوخ رکھتی ہے کیونکہ ان کے والد ہائیکورٹ کے سابق جج رہے ہیں۔ سابقہ بیوی نے ایف آئی اے اور نیب میں درخواستیں دیں، بیوی کے گھر سے چیزیں اٹھانے کے مقدمے سمیت متعدد مقدمات خارج کر دیے گئے۔ پیٹرول پمپ والد کے نام ہے، والد کے نام 1988ء میں 2 پلاٹ سی ڈی اے سے قرعہ اندازی میں نکلے تھے۔ ہمارے تمام اثاثے ڈیکلیئرڈ ہیں۔ اگر بیوی کو اثاثہ جات کا علم تھا تو اس نے نیب کو پہلے درخواست کیوں نہیں دی۔ عدالت نے ایس ایس پی سید جنید ارشد کو دوبارہ 21 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ایل ڈی اے