ٹنڈو آدم بیرانی شہر کا رہائشی سپاہی آزاد کشمیر میں بھارتی حملے میں شہید

314

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم بیرانی شہر کا رہائشی پاک فوج کا جانباز سپاہی آزاد کشمیر میں پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی فوج سے مقابلے میں شہید، شہید کا جسد خاکی آبائی گاؤں بیرانی میں لایا گیا، بیرانی شہر کی فضا پاک فوج اور وطن پاک کے نعروں سے گونج اٹھی، نماز جنازہ میں بریگیڈیر، کرنل، لیفٹیننٹ کرنل، میجر، کیپٹن، ڈی ایس پی، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم سمیت فوج و رینجرز، سول اداروں کے افسران سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود، فوج کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی۔ ضلع سانگھڑ کی تحصیل جام نواز علی بیرانی کے رہائشی و پاک فوج کے سپاہی ذاکر علی شیخ آزاد کشمیر بمبھر سیکٹر کی خٹک پوسٹ پر پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی فوج سے مقابلے میں شہید ہوگیا تھا جس کا جسد خاکی بیرانی میں لایا گیا نماز جنازہ و تد فین میں بریگیڈیئر چھور نوید اقبال، کرنل حمید شاہ، لیفٹیننٹ کرنل طاہر، میجر عارف، کیپٹن سادات، چیئرمین بلدیہ ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری، ڈی ایس پی ایوب بروہی، عمران غوری، وقاص راشد یوسفزئی سمیت فوج و رینجرز اور سول اداروں کے افسران سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی اور پھولوں کی چادر اور گلدستے بھی پیش کیے، شہید کی تدفین ان کے آبائی قبرستان سید جلال شاہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ کی۔ اس وقع پر شہید کے والد پرائمری اسکول ٹیچر ذوالفقار علی شیخ نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصل محبت وطن کی مٹی سے ہے اور یہ وطن کلمہ کے نام پر بنا تھا آج میرا سر میرے بیٹے نے فخر سے بلند کردیا ہے۔