اسلام آباد لاک ڈائون کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اکرم درانی

62

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں ) جمعیت علمااسلام (ف) کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈرخیبرپختونخوا اسمبلی اکرم درانی نے کہا ہے اسلام آباد میں دھرنے اور لاک ڈائون کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔ لاک ڈاؤن اور دھرنے جیسے الفاظ جلتی پہ تیل چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ یہ الفاظ میڈیا میں استعمال کیے جا رہے ہیں، ہم نے احتجاج کا نام آزادی مارچ رکھا ہے۔ اس احتجاج کی طوالت کا فیصلہ حالات کریں
گے۔انہوں نے راولپنڈی میں نیب آفس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی ف وقت سے پہلے اپنے پتے ظاہر نہیں کرے گی۔ ہم نے آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے۔ لاک ڈاؤن یا دھرنے کا ہمارا ابھی کوئی پروگرام نہیں ہے لیکن ہمارے آزادی مارچ کے طویل ہونے کا فیصلہ حالات پر منحصر ہوگا۔مزید برآں اکرم درانی سے نیب آفس میں نیب ٹیم نے 5گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے مجھ سے میرے اثاثوں کے بارے تفتیش کی ہے۔ نیب نے مجھے ایک سوال نامہ دیا تھا جو میں نے جواب دے کر ان کے حوالے کردیا ہے۔نیب نے ایسا کوئی سوال نہیں کیا جو مزاج کے خلاف ہو۔ دوسری جانب جمعیت علما اسلام ف کے سینئر رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطا الرحمان نے اپنی جماعت کے رہنما اکرم درانی کے لاک ڈائون اور دھرنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والے بیان کی تردید کر دی۔ نجی چینل کے پروگرام میں مولانا عطا الرحمان نے سینئر صحافی حامد میر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ لاک ڈائون بھی ہوگا اور دھرنا بھی ہو گا، اس کا نام آزادی مارچ ہوگا۔
اکرم درانی