قائد اعظم ٹرافی کامران اکمل کی سنچری نے سینٹرل پنجاب کو فالوآن سے بچالیا

167

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میچ میں سندھ کی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی۔546 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 284 رنز پرڈھیر ہوگئی۔ دوسری اننگز میں بھی میزبان ٹیم کے 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ۔ اس سے قبل سندھ نے 90 رنز 1 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سدرن پنجاب کے تجربہ کار فاسٹ بولر راحت علی اور آل رائونڈر عامریامین کی نپی تلی بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم کے بلے باز بے بس دیکھائی دئیے۔ راحت علی نے 4 جبکہ عامریامین اور ذاہد محمود نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسد شفیق 57 اور سعد علی کے 55 رنز کے علاوہ کوئی میزبان ٹیم کا کوئی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ 266 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کاآغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم کا دوسری اننگز میں آغاز بھی متاثر کن نہ رہا۔ دن کے اختتام پر میزبان ٹیم کے 3 کھلاڑی محض 58کے مجموعی اسکور پرپویلین واپس لوٹ چکے ۔ عمیر بن یوسف 33 اور فواد عالم 12 کے انفرادی اسکور سے میچ کے آخری روز سندھ کی جانب سے کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کی پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے 484 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 278 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میزبان ٹیم کے فاسٹ بولر ثمین گل نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔خیبرپختونخوا نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنالیے ۔ اس سے قبل میچ کے تیسرے روز مہمان ٹیم کے کپتان اظہر علی اور عثمان صلاح الدین نے 45 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگزکا آغاز کیا تومڈل آرڈر بلے باز مکمل طور پر ناکام ہوگئے۔ 143 رنزپرسنٹرل پنجاب کے 8 پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور شاندار سنچری اسکورکی۔ انہوں نے وقاص مقصود کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔215 گیندوں کا سامنا کرنے والے کامران اکمل نے 19 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 136 رنز بنائے۔ وقاص مقصود 62 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے ثمین گل نے 57 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 206 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم نے دن کے اختتام پر 30 رنز بنالیے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکا ہے۔میچ کے چوتھے روز اسرار اللہ 8 اورخوشدل شاہ 1 رنز سے کھیل کادوبارہ آغاز کریں گے۔دوسری جانب کے آرایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں میچ کی پہلی اننگز میں بلوچستان کی پوری ٹیم 450 رنز کے جواب میں 301 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔بلوچستان کی جانب سے عمران بٹ اور ابوبکر کے بعد آصف ذاکر نیبھی نصف سنچری اسکور کی۔ ناردرن کے اسپنر نعمان علی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے تیسرے روز ناردرن نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کردیا۔ اس سے قبل میچ کے تیسرے روز بلوچستان نے 119 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو مڈل آرڈر بیٹسمین آصف ذاکر کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی اسپنر نعمان علی کی گھومتی گیندوں کا مقابلہ نہ کرسکا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 9 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ عمران بٹ 59 رنز بناکر مہمان ٹیم کے دوسرے بہترین بیٹسمین رہے۔دن کے اختتام پر ناردرن نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 75 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کی میچ میں مجموعی برتری 224 رنز تک پہنچ چکی ۔میچ کے آخری روز ذیشان ملک 54 اور حیدر علی 20 کے انفرادی اسکور سے کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔