کیریبین پریمیئر لیگ، گیانا امیزن واریئرز کی فتوحات کا سلسلہ برقرار

295

پراویڈنس(جسارت نیوز)کیریبین پریمیئر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں گیانا امیزن واریئرز اپنی مسلسل فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں پہنچ گئی، کوالیفائر ون میں بارباڈوس ٹریڈنٹس کو 30 رنز سے شکست، گیانا امیزن واریئرز کی لیگ میں تاحال ناقابل شکست ہے اور یہ اس کی لیگ میں مسلسل گیارہویں فتح ہے، برینڈن کنگ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، بارباڈوس 219 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، برینڈن کنگ نے ناقابل شکست 132 رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پراویڈنس میں کھیلے گئے سی پی ایل کے کوالیفائر ون میچ میں گیانا امیزن واریئرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز بنا کر بارباڈوس ٹریڈنٹس کو میچ میں کامیابی کے لئے 219 رنز کا ہدف دیا۔ برینڈن کنگ نے ناقابل شکست 132 رنز بنائے جن میں انکے 11 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، کپتان سعیب ملک 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہیڈن والش نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بارباڈوس ٹریڈنٹس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 188 رنز بناسکی، جوناتھن کیٹر 49 اور ایلکس ہیلیز نے 36 رنز بنائے۔ روماریو شیفرڈ نے تین، عمران طاہر اور اوڈین سمتھ نے دو، دو جبکہ شعیب ملک نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ برینڈن کنگ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔