پاکستانی فائٹر ضیاء مشوانی نے فلپائنی فائٹر جون کرس کارٹن کو شکست دیدی

122

اسلام آباد (جسارت نیوز) ابوظہبی میں گزشتہ ہفتہ ہونے والی انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹس چیمپیئن شپ میں پاکستانی فائٹر ضیاء مشوانی نے فلپائنی فائٹر جون کرس کارٹن کو شکست دے دی۔ یہ چیمپیئن شپ بریو کمبیٹ 27 کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ چیمپیئن شپ میں ضیاء مشوانی نے زبردست مقابلہ کے بعد جون کرس کارٹن کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ضیاء مشوانی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کے نمائندے کو بتایا کہ انہوں نے پہلے بھی بین الاقوامی مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور آئندہ بھی اپنی مدد آپ کے تحت وہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیتے رہیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم ایم اے فائٹس کو پاکستان میں بھی فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے تاکہ مزید نوجوان اس حوالے سے سامنے آئیں اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔