کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد کا ماحول بنایا جائے، حسین محنتی

142

 

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد کا ماحول بنایا جائے، مسلم امہ کو معمولی اختلافات سے بالاتر ہوکر اتحاد و یکجہتی کے ذریعے اسلام کیخلاف ہونے والی سامراجی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا، تبدیلی سرکار نے غریب کی کمر توڑ کر
رکھ دی، مسلسل یوٹرن اور حکومت کی ایک سالہ کارکردگی نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے ساتھ انجمن تاجران شاہی بازار کے صدر سلیم حسین وہرہ، جنرل سیکرٹری اکرام الدین گڈو ، موٹر سائیکل ڈیلر ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکرٹری حمید میمن، فرنیچر ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اقبال، جنرل سیکرٹری فقیر کا پڑھ ایسوسی ایشن افضل غوری سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ دکانوں ، بازاروں میں کشمیر مارچ کے پمفلٹ تقسیم کیے اور تاجر رہنمائوں کو 13اکتوبر 2019ء کو ہونے والے کشمیر مارچ کی دعوت دی۔ تاجر رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کا خیر مقدم کیا اور اجر ک کے تحائف پیش کیے۔ امیر جماعت اسلامی سندھ نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری،معیشت کی تباہی روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اڑان نے حکومتی دعووں کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔ تبدیلی کے سارے دعوے اب تک کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ حالات کی خرابی کا ذمے دار بھی موجودہ حکمران ٹولہ ہے، ظالم وجابرنظام کے خلاف عوام کوبھی جدوجہد کرنی چاہیے۔ ملک میں اسلامی نظام کے لیے عوام بہترین لوگ اور بہترین جماعت کوآگے لائیں اورقومی معاملات کوذاتی معاملات پرترجیح دیں۔ تاجربرادری نے اسلام کی ترویج و اشاعت میں بنیادی کر دار ادا کیا ہے۔ عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہے، تبدیلی کی دعویدار حکومت نے اپنے اقدامات سے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ ہر آنے والا دن عوام کے لیے ایک نئی مشکلات لے کر طلوع ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ظلم کے باوجود مظلوم مسلمان اپنے طور پر جہاد کررہے ہیں۔ وہاں اسپتالوں بند ہیںکرفیو دوسرے مہینے میں داخل ہے کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی قلت ہیں۔ ایسے حالات میں کشمیریوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے۔ ہم کشمیر نہیں جاسکتے کم از کم سڑکوں پر نکل کر جتنی مدد ہم ابھی کرسکتے ہیں کرنا چاہیے۔ وقت آیا اور موقع ملے گا تو سری نگر بھی جائیں گے۔ محمد حسین محنتی نے تاجر برداری کو یقین دلایا کے جماعت اسلامی ہر فورم پر تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی اسمبلی اور احتجاج میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق 13 اکتوبر کو حیدرآباد میںکشمیر مارچ کی قیادت کریں گے۔ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی ، امیر جماعت اسلامی حیدرآباد حافظ طاہر مجید، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، جے آئی یوتھ سندھ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی حیدرآباد عبدالقیوم حیدر ، سلیم خان ، اور حنیف شیخ اس موقع پر موجود تھے۔