دھرنے اور لانگ مارچ جمہوری عمل کا حصہ نہیں ہیں، قمر زمان کائرہ

108

جہلم (آن لائن) دھرنے اور لانگ مارچ جمہوری عمل کا حصہ نہیں جبکہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا مؤقف اور رائے ہوتی ہے جس کو جمہوری طریقے سے حل کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے شمالی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمن اگر دھرنا دے رہے ہیں تو یہ ان کی اپنی پارٹی کا فیصلہ ہے جبکہ ملکی مفاد میں ہونے والے تمام فیصلے ہماری جماعت میں مشاورت سے
طے کیے جاتے ہیں۔ اگلے ہفتے ہماری جماعت کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں اس ضمن میں غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کا یہ بیان دینا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کو فنڈنگ کررہے ہیں یہ اسی طرح ہے جس طرح اندھے کو مون سون میں ہر طرف ہریالی نظر آتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سلامتی کونسل میں جو تقریر کی ہے اس کی تعریف تو جاری ہے لیکن ان سے زیادہ اچھی تقاریر اور مؤقف ترکی کے طیب اردگان اور مہاتیر محمد نے پیش کیا، جس طرح ان دونوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطین کے بارے میں بھی مسئلہ کو اجاگر کرکے تمام ممالک پر واضح کیا ہے کہ انہیں حل ہونا چاہیے۔