عدالت عظمیٰ‘ ابصار عالم تقرر کیس‘تمام فریقوں کو نوٹس

101

اسلام آباد (اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کے تقرر کوغیر قانونی قراردینے سے متعلق کیس کی سماعت23 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاق پیمرا اور دیگر فریقوں کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔عدالت کا کہنا ہے کہ کہ اگرنئے چیئرمین پیمرا کا تقرر شفاف نہیں تو درخواست گزار اس ضمن میں عدالت میں رٹ دائر کر سکتے ہیں،کیونکہ یہ بڑی سخت بات ہے کہ نئے تقرر کے عمل میں آپ کو شامل نہیں ہونے دیا گیا۔جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں2ر کنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔دوران
سماعت ابصارعالم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ میرے موکل کو بطور چیئرمین پیمرا ٹیکنیکل بنیاد پر ناک آوٹ کیا گیا، جن کا تقرر 2002 ء کے آرڈیننس کے تحت ہوا تھا، میرے موکل نے چیئرمین پیمرا کا عہدہ خود چھوڑا تھا لیکن اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوئے۔ یہاں بینچ کے سربراہ نے وکیل کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ابصار عالم نے عدالتی فیصلے کو قبول کرکے استعفا دیا ہے، عدالت کوبتایا جائے کہ کیا آپ کواپنے موکل کو عہدے سے ہٹانے پر اعتراض ہے اورکیا آپ نے اس وقت عدالتی فیصلہ کو چیلنج کیا۔ درخواست گزار چاہے توعدالت اس حد تک معاملے کو دیکھنے کے لیے تیار ہے۔