ترکی نے کراچی کے نوجوانوں کیلیے پیشہ ورانہ مہارت کا مرکز قائم کردیا

181
کراچی ترک قونصل جنرل طولگا اوچک ضلع جنوبی میں ترک فلاحی ادارے کے تحت فنی مرکز کا افتتاح کر رہے ہیں
کراچی ترک قونصل جنرل طولگا اوچک ضلع جنوبی میں ترک فلاحی ادارے کے تحت فنی مرکز کا افتتاح کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترکی کے سرکاری فلاحی ادارے ترک رابطہ و تعاون ایجنسی (ٹیکا) نے کراچی میں نوجوانوں کے لیے پیشہ ورانہ مہارت کا مرکز (پرواسکلز سینٹر) قائم کردیا ہے۔ اس سینٹر کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تعلیم اور ٹریننگ کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے، پیشہ ورانہ مہارت کا مرکز (پرواسکلز سینٹر) ٹیکا نے ضلع جنوبی کے مقامی کاریگر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کیساتھ مشترکہ طور پر قائم کیا۔ ٹیکا کی جانب سے سینٹر میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کمپیوٹر لیب بھی قائم کی گئی ہے جبکہ کلاس رومز کی تزئین و آرائش کیساتھ ساتھ فرنیچر بھی فراہم کیا گیا ہے۔ یہ سینٹر متوسط علاقے سے تعلق والے طلبہ کی پیشہ ورانہ تربیت میں مدد فراہم کرے گا۔سینٹر کی افتتاحی تقریب میں کراچی میں تعینات ترکی کے قونصل جنرل طولگا اوچک، کاریگر انسٹیٹیوٹ کے سربراہ راشداللہ شیخ اور ٹیکا کراچی کے کوآرڈینیٹر ابراہیم کٹراسی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکش قونصل جنرل طولگا اوچک نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر کا قیام صنعت کو ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی و معاشی حب ہے۔اس شہر کو صنعتوں کو چلانے کے لیے بڑے پیمانے پر ہنرمند افرادی قوت درکار ہے۔ٹیکا نے اس سینٹر کے قیام کے ذریعے کراچی کی صنعتوں کو ہنرمندافرادی قوت کی فراہمی کے لیے ایک قدم اٹھایا ہے۔ ترک قونصل جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ ترکی پاکستان سے بیروزگاری کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھے گا، بیروزگاری ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ٹیکا کراچی کے کوآرڈینیٹر ابراہیم کٹراسی نے کہا کہ اس سینٹر کے قیام سے مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے نوجوان بہترین ہنر سیکھ سکیں گے جو کہ ان کو ملازمت کے حصول میں مدد فراہم کرے گا۔ اس موقع پر کاریگر انسٹیٹیوٹ کے سربراہ راشداللہ شیخ نے سینٹر کے قیام پر ترکی اور ٹیکا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی تعاون جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ ترک رابطہ و تعاون ایجنسی(ٹیکا) سندھ اور بلوچستان میں بھی صحت، تعلیم اور صاف پانی کے کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ گزشتہ ماہ ٹیکا کے تحت نیو کراچی کے علاقے میں بچوں کے لیے لائبریری قائم کا قیام عمل میں لایا گیاتھا، لائبریری سے مونٹیسوری تا کلاس دہم کے 2 ہزار بچے مستفید ہورہے ہیںجبکہ امسال اگست میں ٹیکا کی جانب سے بلوچستان کے پسماندہ علاقے گوادر میں سرکاری اسکولوں کے 500 مستحق طلبہ میں کتابیں اسٹیشنری و دیگر ضروریات کا ایک سال کا سامان تقسیم کیا گیا تھا۔