ایک کروڑ خواتین کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہے،صدر مملکت

87

اسلام آباد(اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں ایک کروڑ سے زاید خواتین کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہے، بچے کو ماں کا دودھ پلانے سے سرطان کا امکان کم ہو جاتا ہے،قرآن پاک میں بھی بچوں کو 2سال ماں کا دودھ پلانے کی تلقین کی گئی ہے کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے ماں کے دودھ میں غذائیت کا خزانہ رکھا ہے۔ آبادی کی شرح میں اضافہ مسئلہ ہے،علما کرام چھاتی کے سرطان سے
متعلق آگاہی فراہم کرکے اپنی سماجی ذمے داری پوری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر میں چھاتی کے سرطان سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ خواتین ہر ماں اپنا معائنہ خود کریں، گلٹی کا شبہ ہو تو ڈاکٹر کو چیک کروائیں اور چھاتی کا ایکسرے کروائیں۔ میڈیا،منتخب نمائندوں اور علمائے کرام پر زور دیا وہ سرطان، پولیو، صحت اور بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر عوام میں آگاہی پیدا کریں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا قیام صرف وزیراعظم کی ذمہ داری نہیں ہے اس کے لیے ہم سب اپنا اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری کرکٹ میچ کے دوران چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے اپنے خطاب میں چھاتی کے سرطان کی علامات ، بچائو اور آگاہی سے متعلق اقدامات کو اجاگر کیا۔ شوکت خانم کینسر اسپتال کے عہدیداروں نے چھاتی کے سرطان سے متعلق پریذینٹیشن دی۔