آرمی چیف ملاقات سے بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوا، دولت رام

103

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے نمائندگان سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات انتہائی مثبت فضاء میں ہوئی جس سے بزنس کمیونٹی میں حکومت پر اعتماد بحال ہونے میں مدد ملی۔ اُنہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت اور ٹیکسوں کی ادائیگی میں خصوصی حیثیت رکھتی ہے اِس لیے غیر ممالک میں ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں معاملہ اِس کے بالکل برعکس ہے جہاں دھونس دھمکی اور غیر دوستانہ فضاء قائم کر کے سرمایہ کار کو خوف زدہ کیا جاتا ہے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس لگا کر اُنہیں نچوڑا جاتا ہے۔ یہ ایک طے شدہ اَمر ہے کہ جو صارف زیادہ سے زیادہ کسی چیز کا خریدار ہو اُس کو قیمتوں میں رعایت دی جاتی ہے لیکن ہمارے یہاں بجلی، گیس اور پانی کی مد میں زیادہ کنزمشن کرنے والے تاجر اور صنعتکاروں کے ٹیرف کمرشل اور تجارتی کے نام پر کئی گنا وصول کیے جاتے ہیں اور ٹیکسوں کے علاوہ ضروریات کے لیے بجلی اور گیس کی فراہمی میں بھی اُن کو زیر بار کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمرن خان، وزیر پاور و انرجی عمر ایوب خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز سے متعلق صنعتکاروں اور تاجروں کو ٹیکسوں میں زیادہ سے زیادہ رعایت کا بندوبست کریں اور اُن کو گیس اور بجلی کم نرخوں پر فراہم کرائیں تاکہ چھوٹی صنعتکاری کے فروغ سے زیادہ سے زیادہ مصنوعات بن سکیں اور اُنہیں بیرونِ ملک ایکسپورٹ کر کے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جاسکے جس کی قوم و ملت کو انتہائی ضرورت ہے۔