میرپور خاص، موبائل پولیس حادثہ کیس، غفلت پر ڈرائیور برطرف

57

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سی آئی اے پولیس موبائل حادثہ کیس میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرنے والے موبائل ڈرائیور کو ایس ایس پی نے ملازمت سے بر طرف کردیا، پولیس موبائل حادثے میں معصوم بچے کے قتل کے الزام میں زیر حراست دو نوجوان اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔ ڈھائی ماہ قبل ٹنڈواللہٰیار کے مشائخ ہوتی پولیس اسٹیشن کی حدود میں سی آئی اے پولیس میرپورخاص کی موبائل کو حادثہ پیش آگیا تھا، جس کے باعث پولیس موبائل میں موجود ایک معصوم بچے کے قتل کے الزام میں زیر حراست دو نوجوان لچھمن اور ورجانگ موقع پر ہی فوت ہوگئے تھے، جبکہ ایک پولیس اہلکار محمد امین منگریو سخت زخمی ہوگیا تھا، جو کہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے فوت ہوگیا ہے۔ پولیس موبائل حادثے میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرنے والے موبائل ڈرائیور سپاہی بختاور کو ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ نے ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پولیس موبائل حادثے میں ہلاک ہونے والے دو نوجوانوں کے ورثا کی جانب سے سخت احتجاج کے بعد تین پولیس افسران کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔