جماعت اسلامی یوتھ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی

131

رحیم یارخان(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ جماعت اسلامی یوتھ بلدیاتی انتخابات میں ہر سطح کے الیکشن کے لیے متحرک نوجوانوں کی فہرستیںمرتب کر رہی ہے ۔ ضلع بھر کے تمام شہری ود یہی بلدیاتی حدود و حربہ میں ممبر سازمی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی یوتھ کے صوبہ جنوبی پنجاب کے صدر رضا قادری اور جنرل سیکریڑی ڈاکٹر عمران گورائیہ نے جماعت اسلامی یوتھ کے عہدیدران کے ہمراہ ’’پریس کانفرنس‘‘ میں کیا انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ کے نوجوانوں کا بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد خدمت خلق ہے بلدیاتی انتخابات میں خدمت خلق کے جذبے سے سرشار تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ٹیم اتاریں گے جس کا مقصد بلا تفریق گلی محلوں میں مسائل سے دو چار عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ کے ذمے داران معاشرے میں پھیلے نوجوانوں کے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے ان کی تربیت کرنے کے بعد دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کرے گی۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کی سب سے بڑی اور منظم نوجوانوں کی تنظیم ہے جس کا مقصد کسی شخصیت لسانی و مذہبی رنگ و نسل کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو استعمال کرنا نہیں بلکہ ایک نظریے اور خداکی دھرتی پر خدا کے نظام کیلیے جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نوجوانوں کی اکثریت سرمایہ داروں ، جاگیر داروں اور سیاسی جانشینوں کے ظلم کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی یوتھ ایسے مظلوم نوجوانوں کے دست و بازو بن کر ان کو سرمایہ داروں ، جاگیر داروں اور سیاسی جانشینوںکے چنگل سے آزادی دلوائے گی۔ پریس کانفرنس میں ضلعی نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عمر فاروق شیخ ضلعی صدر یوتھ میاں ریحان کریم سٹی صدر سید سجاد محمود تحصیل صدر رحیم یار خان ملک عبدالستار تحصیل صدر صادق آباد ناصر باجوہ سٹی صدر صادق آباد اسامہ عزیز جنرل سیکرٹری راجا شہزاد ایوب سمیت دیگر عہدیدران بھی موجود تھے۔