وہ قومیں جلد ترقیاں کرتی ہیں جو اساتذہ کو احترام دیتی ہیں،حسن بلال ہاشمی

184

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم حسن بلال ہاشمی،جنرل سیکرٹری برادر حسیب خالدنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اساتذہ کا سایہ دار شجر ہمیشہ طلبا کو علمی چھائوں سے سرفراز کرتا ہے ہر کامیابی کامرانی ترقی عروج اور آگے بڑھنے میں اساتذہ کی محنت،کوششوں، دعائوں اور رہنمائیوں کا اثر ہوتا ہے وہ قومیں جلد ترقیاں کرتی ہیں جو اساتذہ کو احترام دیتی ہیں،عزت کرتی ہیں۔کوئی علم ،فن، ہنر اور مہارت استاد کے بغیر حاصل نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہاکہ تعلیم دینے کے فن کو سلام ہے ٹیچر اپنا علم اور تجربہ طالب علموں کو دے کر انہیں معاشرے کا کارآمد فرد بناتے ہیں معاشرہ جس ڈگر پر چل رہا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اساتذہ کی نصیحت اور باتوں کو فراموش کیا جا رہا ہے استاد کی عظمت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا،طالب علموں کیلیے ہر دن ٹیچرڈے ہے،استاد اپنے آرام اور پر آسائش زندگی کو چھوڑ کر علم کی روشنی پھیلانے میں مصروف عمل رہتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انسان کو انسانیت کا سبق استاد سے ملتا ہے۔ تعلیم کو مشعل راہ بنانے والے استاد فروغ علم کیلیے کوشاں رہ کر عظیم خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی ، مہذب بننا،انسانیت کا احساس کرنا،حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال یہ سب ہمیں اساتذہ کی مرہون منت ملا ہے۔