ایران تنازعات اور جنگوں کو ہوا دے رہا ہے‘ امریکی وزیر خارجہ

116

ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران تنازعات اور جنگ کو ہوا دے رہا ہے، جس سے پناہ گزینوں کے بحران میں اضافہ ہوتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پومپیو نے یونان کے دورے کے دوران ایتھنز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ روس بلقان کے خطے میں اپنے ہمسایہ ممالک کی خودمختاری کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے خطے میں اپنے ایجنٹوں کی مدد سے جنگ اور تنازعات کو مزید گھمبیر کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں مہاجرین اور پناہ گزینوں کا بحران پیدا ہوا۔ پومپیو نے کریمیا کے الحاق کے خلاف روس کے موقف اور بشار الاسد کی حکومت کی مدد کے لیے شام کی بندرگاہوں سے ایرانی تیل کی منتقلی کو روکنے کی کوششوں کو سراہا۔ امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ یونان نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات مستحکم کرنے کا صحیح فیصلہ کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکا نے یونان کے ساتھ اپنے تعلقات اور شراکت کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے حالاں کہ یونان اور امریکا کے درمیان پہلے ہی بہترین تعلقات قائم ہیں۔ پناہ گزینوں کے بحران میں ایران کے کردار کے بارے میں پومپیو نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی طرف سے چھیڑی گئی طویل جنگوں کے نتیجے میں پناہ گزینوں کا بحران پیدا کیا۔ روحانی نے مئی میں کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ اگر جوہری معاہدہ ختم ہوتا ہے تو ایران یورپی ممالک کو منشیات اور پناہ گزینوں کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد نہیں کر سکے گا۔