یہ مال لیاقت قائم خانی کا تو نہیں

216

جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار ملزم لیاقت قائم خانی نے اپنے گھر سے برآمدہونے والی اشیاء کی ملکیت تسلیم کرنے سے انکارکر دیا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ میرے گھر سے برآمد ہونیوالی گاڑیاںمیری نہیں ، خاندان کے دیگر افراد اور پارٹیز کی ہیں ۔ ہم 8 بھائی ہیں اور مشترکہ خاندانی نظام میں رہتے ہیں ۔ انہوں نے اپنے فنگر پرنٹس سے کھولی جانے والی تجوریوں سے برآمد ہونے والے قیمتی جوہرات کی ملکیت سے بھی لا تعلقی ظاہر کی ہے ۔ لیاقت قائم خانی نے کوئی غلط نہیں کہا کہ ان اشیاء کی ملکیت ان کی نہیں ہے ۔ ان کا بیان بالکل درست ہے ۔ اگر یہ لوٹ کا مال ہے تو بھی خاندان اور اخلاقی طور پر لیاقت قائم خانی کی ملکیت نہیں ہے ۔ اور اگریہ مال ان کے خاندان کے افراد اور پارٹیز کا ہے تو بھی لیاقت قائم خانی کا بیان درست ہے ۔ اصل بات تو یہ ہے کہ اگر آپ کا یہ مال نہیں ہے تو آپ کے گھر میں کیوں تھا۔ دیگر پارٹنرز اس قدر اعتماد کرتے تھے کہ لیاقت قائم خانی کے فنگر پرنٹس سے ہی لاکرز کھلتے اور بند ہوتے تھے ۔ نیب نے مال تو برآمد کیا ہے لیکن جن لوگوں کا یہ مال ہے ان کے بارے میں کوئی تفتیش نہیں ہو رہی ۔ میئر کراچی نے لیاقت قائم خانی کو مشیر بنایا تھا تو کیوں بنایا… یہ 8بھائیوں کا مال ہے اور دیگر پارٹنرزکون ہیں بھائی کیاکہتے ہیں… ان ساری باتوں سے قوم کو بھی آگاہ کیا جانا چاہیے ۔ ورنہ یہی سمجھا جائے گا کہ یہ کیس بھی سیاسی دبائو کے لیے چلایا جا رہا ہے ۔