میئر کراچی نے کڈنی اسپتال میں جدید مشینوں کاافتتاح کردیا

196

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئرکراچی وسیم اختر نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز میں گردوں کے علاج کیلیے جدید مشینوں کا افتتاح کردیا،افتتاحی تقریب میں مئیر کراچی کے ہمراہ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، میٹروپولیٹن کمشنر اور منتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔اسپتال میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کے ساتھ گردوں سے متاثرہ افراد کے لیے جدید مشینوں اور طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ ضلع وسطی اور قرب و جوار کے مکینوں کو بہترین و معیاری علاج کی سہولت میسر آسکے۔میئر کراچی وسیم اختر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہر کے قلب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیکل سہولتوں کی فراہمی اس بات کا عین ثبوت ہے کہ حق پرست بلدیاتی قیادت عوام کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی ہزارہا مشکلات و رکاوٹوں کے باوجود اپنے لوگوں کی مشکلات کے حل کے لیے کوشاں ہے۔وسیم اختر نے اس موقع پر کڈنی سینٹر کی انتظامیہ و اسٹاف کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گردوں کی بیماریوں کے تدارک میں اسپتال کا عملہ دن و رات کی پرواہ کیے بغیراپنی ذمے داریوں کو ادا کرنے میں مصروف ہے جو کہ قابل تحسین ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبوں کی سرپرستی کرتا رہے گا۔چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنا کسی مدد و وسائل شہر کے مکینوں کے لیے اعلیٰ طبی سہولتوں کی فراہمی حق پرست بلدیاتی قیادت کا شاندار کارنامہ ہے۔