حکومت کا خاتمہ مقدس مشن سمجھتے ہیں‘حافظ حمداللہ

169

کراچی اسٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری سمیت مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد آزادی مارچ کی حمایت کر رہے ہیں ۔ ہماری تیاریاں مکمل ہیں ، حکومت کا خاتمہ مقدس مشن سمجھتے ہیں۔27 اکتوبر کو عوامی قوت کا مظاہرہ کر کے بتا دیں گے کہ عوام کس کے ساتھ ہیں ۔ انڈسٹری بند ہورہی ہے ۔ تاجر برادری سکتے کے عالم میں ہے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کہ رہے ہیں کہ معیشت ترقی کر رہی ہے۔ حکمران اپنے بدترین اور ذلت آمیز انجام سے خوفزدہ ہیں اسی لیے آزادی مارچ کی راہ میں روکاوٹیں ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کراچی کے موقع پر مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ ہر حال میں ہوگاروکنے والے روک کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس کے تحفظ کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،حکمران ایک طرف ریاست مدینہ کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب قادیانیوں کو اعلیٰ عہدوں تک پہنچانے میں سرگرم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیل کی کالی کوٹھڑیاں ہمارے لیے پریشان کن نہیں ہم ان اسلاف کے پیروکار ہیں جنکی زندگیوں کا زیادہ تر حصہ جیلوں میں گزرایہ راہ ہمارے لیے ناآشنا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کو چیلنج کرنے والے موجودہ حکمرانوں کا ذلت آمیز انجام تاریخ کا حصہ بنے گا۔