ایک ماہ کے اندر کراچی سے کچراختم کردینگے‘مرتضیٰ وہاب

101

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تیس روز کے اندر کراچی سے کچرے کے انبار ختم کردینگے وزیر اعلیٰ سندھ کی صفائی مہم کے تحت پندرہ روز میں دو لاکھ بارہ ہزار ٹن سے زائد کچرا اْٹھایا جاچکا ہے۔ کچرے پر سیاست کرنے والوں سے اپیل ہے کہ کچرا سیاست ترک کرکے شہر کو صاف کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں ۔وہ پیر کو سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی کلین مائی کراچی مہم کے تحت شہر کے مختلف اضلاع سے کچرا اْٹھایا جارہا ہے کراچی کے چھے اضلاع سے دو لاکھ بارہ ہزار ایک سو باون ٹن کچرا اْٹھایا گیا ہے جس میں سے ایک لاکھ تیس ہزار ٹن لینڈ فل سائیٹ تک پہنچایا گیا ہے اْٹھائے گئے کچرے کی تفصیلات بتاتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ضلع کورنگی سے ستاون ہزار نو سو اڑتیس ٹن، ضلع ملیر سے گیارہ ہزار ٹن ، ضلع جنوبی سے بھی کچرا اْٹھایا گیا ہے ۔ضلع وسطی سے تینتالیس ہزار ٹن کچرا نکالا گیا ہے ضلع غربی سے ساڑھے باون ہزار ٹن کچرا ٹھکانے لگایا گیا ہے ضلع شرقی سے سینتیس ہزار ٹن کچرا اْٹھایا جاچکا ہے انہوں نے کہا کہ تی30 روز کے اندر کراچی سے کچرے کے انبار ختم کرینگے تمام اضلاع سے بلاتفریق کچرا اْٹھایا جارہا ہے۔