مسئلہ کشمیر پر لمحوں کی تاخیر برسوں کی مشکلات مسلط کردیگی، لیاقت بلوچ

91

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر تاخیر ہوتی جارہی ہے ، لمحات اور دنوں کی تاخیر سالوں کی مشکلات مسلط کردے گی ۔ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت ملنے اور مظلوم ، محصور کشمیریوں کی مدد کے لیے جہاد فی سبیل اللہ ہی حل ہے ۔جماعت اسلامی کے آزادیٔ کشمیر مارچ نے لاہور کو جگادیا ہے ۔ لاہور پکار رہاہے کہ وہ کشمیریوں کے غیر متزلزل پشتیبان ہیں ۔اب وقت آگیاہے کہ وزیراعظم عمران خان تقریروں کے سحر سے باہر آئیں ۔ تقریروں سے
نہ عوام کا پیٹ بھرے گا اور نہ ہی فاشسٹ مودی مقبوضہ کشمیر میں ظلم ختم کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سیاسی امور مشاورتی اجلاس اور انجمن صارفین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ سود ، قرضے ، کرپشن ، بدعنوانی قومی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ۔ نااہل ، نالائق ، کھلنڈرے اور بدمست حکمرانوں کو عوام کے دکھوں کا احساس ہی نہیں ۔ بزدل اور خوفزدہ حکومت عوامی ارمانوں اور احتجاج کو کچل دینا چاہتی ہے لیکن ملک گیر احتجاجی تحریک اب نوشتہ دیوار ہے ۔علاوہ ازیںلیاقت بلوچ سے جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کے وفد نے ملاقات کی اور بتایا کہ کپاس ، چاول اورگنے کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ۔ کاشتکار ، مزارعین اور چھوٹے زمیندار ناقابل بیان مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت فصلوں کی تباہی کے شکار علاقہ جات کو آفت زدہ قرار دے ، حکومتی واجبات ختم کیے جائیں اور متاثرہ کاشتکاروں کی مالی مدد کی جائے ۔