سانحہ 12 مئی: 4 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے مقدمے میں مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو سانحہ 12 مئی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے میں پولیس نے 400 سے 500 نامعلوم کارکنوں کو شامل کیا ہے۔ تفتیشی افسر نے ایک بار پھر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے مقدمے میں 4 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
جاری کردیے۔ مفرور ملزمان میں عبد الباری کاکڑ، حبیب اللہ، مشتاق اور وکیل خان شامل ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو مفرور ملزمان کو 21 اکتوبر تک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق مفرور ملزمان کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے۔ ملزمان کیخلاف تھانہ صدر میں 2007ء میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔ سانحہ 12 مئی کے 11 مقدمات پہلے ہی اے ٹی سی 7 میں زیر سماعت ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر پر 4 مقدمات میں فرد جرم عاید کی جاچکی ہے۔ وسیم اختر سمیت 20 سے زاید ملزمان ضمانت پر رہا ہیں۔ عدالت 14 ملزمان کو پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ کراچی کے مختلف تھانوں میں سانحہ 12 مئی کے مقدمات درج ہیں۔