چکوٹھی روڈ تیسرے روز بھی بند،شرکا کاسری نگرکا راستہ دینے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

217

 

مظفرآباد،چناری(صباح نیوز+آن لائن)چکوٹھی روڈ تیسرے روز بھی بند،شرکا کاسری نگرکا راستہ دینے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے آزادی مارچ کے شرکاء کا کنٹروللائن (ایل او سی) کے قریب جسکول کے مقام پر دھرنا جاری ہے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے آزادی مارچ کا پیر کوچوتھا روز تھا، بھمبر سے شروع ہونے والا آزادی مارچ مختلف شہروں
سے ہوتا ہواگزشتہ روز ایل اوسی کے قریب پہنچا تو 6 کلومیٹر دور جسکول کے مقام پر شرکاء کو روک دیاگیا۔ آزادی مارچ کے شرکاء نے جسکول کے مقام پر ہی دھرنا شروع کیا تھا جو اب تک جاری ہے، رات بھر بارش اور سردی کے باوجود دھرنے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے کے ایل ایف کے ترجمان رفیق ڈار نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کر نے کے لیے پیس کیپنگ فورس تعینات کرے۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا نمائندہ ہمارے ساتھ مذاکرات کرے،سیکورٹی کونسل کے پانچوں نمائندگان کو کنٹروللائن کا جائزہ لینے کے لیے لایا جا ئے اور بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ چیئرمین یاسین ملک سمیت ساری قیادت کو رہا کرے۔رفیق ڈار کے مطابق جے کے ایل ایف کے نوجوان ایل او سی عبور کرکے محصور بہن بھائیوں کی مدد کے لیے تیار ہیں اور پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک رکاوٹیں نہیں ہٹائی جاتیں دھرنا جاری رہے گا۔